Online Islamic Academy

باسمہ تعالی

 

ابوہر یرہ اکیڈمی و ام سلمہ اکیڈمی(آن لائن)

(تعارف،تدریسی و انتظامی طریقۂ کار،اہداف و مقاصد)

ناظم: حضرت مفتی سید احمد اللہ غوری صاحب نقشبندی مجددی دامت برکاتہم
(خلیفہ مجاز محبوب العلماء والصلحاء حضرت مولانا حافظ پیر ذوالفقار احمد صاحب نقشبندی مجددی دامت برکاتہم)

پس منظر:
سیدنا و مرشدنا محبوب العلماء و الصلحاء حضرت مولانا حافظ پیر ذوالفقار احمد صاحب نقشبندی مجددی دامت برکاتہم کے حکم پر،٢٠١٦ء میں تصوف و سلوک سے جڑے ہوئے افراد کو دینی علم سے آراستہ کرنے کے لئے اس آن لائن اکیڈمی کی بنیاد رکھی گئ۔
اہداف و مقاصد:
(١). علم صحیح ( علم قرآن و سنت) کی روشنی میں سلوک( اللہ کی محبت کا راستہ) طئے کرنا۔
(٢).ایسے حفاظ و ائمۂ کرام،جو مختلف اعذار و وجوہات کی بناء پر،عالمیت کی تکمیل سے پیچھے رہ گئے،ان کے لئے اپنی خدمات میں سرگرم عمل رہتے ہوئے تحصیل علم کے لئے ایک نیا موقع فراہم کرنا۔
(٣). عصری تعلیم یافتہ طبقے کے درمیان حضرات علمائے دیوبند کی فکر مستقیم و معتدل کی ترجمانی کرنا۔
(٤).اہل السنت والجماعت سے منحرف افکار و نظریات سے امت کو بالخصوص عصری تعلیم یافتہ حضرات کو بچانا۔


نصاب:
اکیڈمی میں مدارس اسلامیہ میں رائج نصاب درس نظامی کے مطابق
چھ سال میں مختلف علوم اور فنون( نحو،صرف،ادب،بلاغت،منطق،عقیدہ و کلام،فقہ و اصول فقہ،حدیث و اصول حدیث،اورتفسیر اور اصول تفسیر) کی متعدد کتابیں پڑھائی جاتی ہیں۔


طلبہ و طالبات:
اس وقت ابوہریرہ اکیڈمی اور ام سلمہ اکیڈمی میں ہندوستان کی ١٢/ ریاستوں کے(٢٨٥) طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔جن میں مختلف طبقات: حفاظ ائمۂ کرام،بعضے مدارس کے نظمائے کرام،ڈاکٹرز،انجینئرز،پروفیسرز،کالجز کے طلبہ و طالبات،اور متعدد تجارت پیشہ افراد شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ١٥/ سال سے لیکر ٦٥/ سال تک کی عمر کے افراد بیک وقت مختلف جماعتوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔


جماعتیں:
اس وقت ابوہریرہ اکیڈمی (برائے مرد حضرات) میں عربی اول سے عربی پنجم اور ام سلمہ اکیڈمی ( برائے خواتین) میں عربی اول تا عربی چہارم کی کل بارہ جماعتیں ہیں۔


معلمین و معلمات:
ابوہریرہ اکیڈمی میں کل سات معلمین اور ام سلمہ اکیڈمی میں کل پانچ معلمات خدمات انجام دے رہی ہیں۔
یہ ہم اکیڈمی کی خوش بختی سمجھتے ہیں کہ اس کو دارالعلوم دیوبند ایسے نامور ادارے کے جید فضلائے کرام اور ملک کے مختلف اداروں کی ذی استعداد عالمات کی خدمات حاصل ہیں۔


دیگر کارکنان (اسٹاف):
اس کے سوا اکیڈمی کے مالیاتی امور کی نگرانی،فیس کی آن لائن وصولی،اورمعلمین و معلمات کی ماہانہ یافت کی ادائیگی کے لئے مزید تین افراد خدمات انجام دیتے ہیں


مجلس تعلیمی:
ابوہریرہ اکیڈمی اور ام سلمہ اکیڈمی کے تمام تعلیمی امور(تدریس،امتحانات وغیرہ) ایک سہ رکنی مجلس تعلیمی کی زیر نگرانی انجام پاتے ہیں۔


اوقات تدریس
ابوہریرہ اکیڈمی ( برائے مرد حضرات)
میں اوقات تعلیم بعد نماز فجر اور بعد نماز عشاء ہیں۔
اول اور دوم عربی کی فجر بعد اور عشاء بعد الگ الگ جماعتیں ہیں۔چالیس چالیس منٹ کے تین گھنٹوں پر مشتمل۔
اور سوم عربی سے پنجم عربی تک کی جماعتوں میں فجر بعد بھی تعلیم ہوتی ہے اور عشاء بعد بھی۔چالیس چالیس منٹ کے کل پانچ گھنٹے۔

اور ام سلمہ اکیڈمی میں بھی صبح ساڑھے سات سے ساڑھے نو تک سب جماعتوں( اول تا چہارم) ایک ساتھ تعلیم ہوتی ہے۔اور دوپہر میں،عربی سوم اور عربی چہارم کے لئے مزید ساڑھے بارہ سے ایک بج کر پچاس منٹ تک کل اسی منٹ کے دو گھنٹے ہوتے ہیں۔

الحمد للہ طلبہ و طالبات تمام جماعتوں میں اپنے خارجی فارغ اوقات کے اعتبار سے آپس میں بنی ہوئی جوڑیوں کے ساتھ اسباق کی تکرار کرتے ہیں۔جن اسباق میں لکھنے کا کام ہوتا ہے،وہ لکھ کر واٹس ایپ گروپ پر بھیجتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ یہ تمام کلاسس اور تکرار وغیرہ گوگل میٹ پر بغیر ویڈیو کے صرف آڈیو ہوتی ہیں۔

 

0:00
0:00